پاکستان

ڈیجیٹل پاکستان کی جانب پیش قدمی، جدید کمیونی کیشن سیٹلائٹ خلا میں روانگی کیلئے تیار

جدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ ’ایم ایم ون‘ کو جمعرات کو خلا میں بھیجا جائے گا، سیٹلائٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ٹی وی براڈ کاسٹنگ سروسز فراہم کرے گا،ترجمان سپارکو

’آئی کیوب قمر‘ کی کامیاب لانچنگ کے بعد ڈیجیٹل پاکستان کی جانب سفر میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان نے جدید کمیونیکشن سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری کرلی۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ہائی پاور ملٹی مشن سیٹلائٹ جمعرات کو خلا میں بھیجا جائے گا، مشن کی کامیاب تکمیل سے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی خواب نہیں رہے گی۔

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن(سپارکو) کے ترجمان نے کہا کہجدید کمیونیکیشن سیٹلائٹ ’ایم ایم ون‘ کی ٹیسٹنگ جاری ہے، سیٹلائٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ اور ٹی وی براڈ کاسٹنگ سروسز فراہم کرے گا۔

ترجمان سپارکو نے کہا کہ سیٹلائٹ ایم ایم ون چین میں تیار کیا گیا ہے، ایم ایم ون کی عمر 15 سال ہے، ایم ایم ون سیٹلائٹ کی لانچنگ سپارکو میں لائیو دکھائی جائے گی۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں سپارکو نے کہا کہ ایم ایم ون پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، ایک ترقی یافتہ ڈیجیٹل پاکستان سپارکو کا عزم ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سیٹلائٹ آئی کیوب قمر 3 مئی کو 2 بجکر 27 منٹ پر روانہ ہوا تھا۔

’آئی کیوب قمر ’ کو انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے چین کی شنگھائی یونیورسٹی اور پاکستان نیشنل اسپیس ایجنسی ’سپارکو‘ کے تعاون سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

ٹیسٹنگ اور قابلیت کے مرحلے سے کامیابی سے گزرنے کے بعد ’آئی کیوب کیو‘ کو چین کے ’چینگ 6‘ مشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔

دفاع ناقابل تسخیر بنانے کا دن ’یوم تکبیر‘ آج منایا جا رہا ہے

ویسٹ انڈیز نے ورلڈکپ سے قبل جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کلین سوئپ کرکے خطرے کی گھنٹی بجادی

طلعت حسین: تہذیب و تمدن کا عہد تمام ہوا