پاکستان

ملک بھر میں بجلی کی طلب میں 5 ہزار میگاواٹ کمی کے باوجود شارٹ فال برقرار

وزیراعظم نے لوڈشیڈنگ کانوٹس لیتے ہوئے اہم اجلاس آج طلب کیا ہے، تمام متعلقہ وزرا اور بیوروکریسی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

ملک بھر میں بجلی کی طلب میں گزشتہ سال کے مقابلے رواں برس 5 ہزار میگاواٹ کی کمی کے باوجود بجلی کا شارٹ فال برقرار ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اس کے علاوہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

گزشتہ برس ان دنوں بجلی کی طلب 28 ہزار میگا واٹ تک تھی جبکہ اس سال مئی میں طلب کم ہوکر 23 ہزار میگاواٹ پر پہنچ چکی ہے، پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی طلب 23 ہزار میگاواٹ ہےجبکہ صرف 18 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے۔

طلب میں کمی کے باوجود بھی 4 ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال برقرار ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم نے لوڈشیڈنگ کانوٹس لیتے ہوئے اہم اجلاس آج طلب کیا ہے، تمام متعلقہ وزرا اور بیوروکریسی کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں شدید گرمی کے دوران لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے، وفاقی وزیر توانائی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مؤقف سے وزیراعظم کو بریف کریں گے۔

لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے، مذاکرات کامیاب

دوسری جانب پشاور میں بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے ایم ون سے چارسدہ تک موٹروے بند کردی تھی، اکبر پورہ اور قریبی دیہات کے شہریوں نےموٹروے کو احتجاجا بند کردیا تھا۔

مظاہرین نے بتایا کہ اکبر پورہ اور ملحقہ علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، جب تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی نہ کرائی گئی احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

بعد ازاں مظاہرین اور مقامی پولیس کے مابین مذاکرات کامیاب، مذاکرات کے بعد موٹروے آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا اور مظاہرین بھی منتشر ہوگئے، پولیس نے 3 جون تک عمائدین کی پیسکو حکام سے ملانے کی یقین دہانی کروائی ہے، عمائدین پیسکو حکام سے لوڈشیڈنگ سے متعلق ریلیف کی ڈیمانڈ پیش کریں گے۔

کے ایم سی کا 106 سڑکوں پر تمام اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

اسپین کا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان

ملک بھر میں گرمی کا راج، پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا