پاکستان

ملک بھر میں گرمی کا راج، پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا

دادو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا، ہیٹ اسٹروک کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کا رش بڑھنے لگا۔
|

ملک کے طول و عرض میں سورج قہر ڈھانے میں مصروف ہے جہاں مختلف علاقوں میں پارہ 50 ڈگری تک پہنچ گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، دادو میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا، ہیٹ اسٹروک کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں مریضوں کا رش بڑھنے لگا۔

اس کے علاوہ لاڑکانہ میں گرمی کی شدید لہر بدستور برقرار ہے جہاں درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، لاڑکانہ کے آثار قدیمہ موہن جو دڑو میں گرمی کا پارہ 52 سینٹی گریڈ کو چھوگیا، شدیدگرمی پڑنے کے باعث لاڑکانہ اور موہن جو دڑو ملک کے گرم ترین شہروں میں شمار ہوگئے ہیں، شدید گرمی کے باعث ٹھنڈی مشروبات سمیت برف کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، لاڑکانہ میں شدید گرمی کے ساتھ 20 گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ بھی جاری ہے جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں۔

شہر کراچی میں 31 کا درجہ حرارت 37 تک محسوس کیا جارہا ہے، شہر قائد میں بارش کے امکانات بھی انتہائی کم رہ گئے ہیں، جبکہ شہر بھر میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے درالحکومت لاہور میں پارہ 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے، چولستان میں درجہ حرارت 50 ڈگری، رحیم یارخان میں درجہ حرارت 49، فیصل آباد میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق لاہور ، راولپنڈی ، مری ،گلیات ،گوجرانوالہ سمیت صوبے کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے، تاہم جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی ۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آج سے یکم جون تک ملک کے بالائی حصوں میں گردو غبار، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، بالائی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ایس آئی ایف سی کابینہ کمیٹی تشکیل دیدی

پاپوا نیو گنی: لینڈ سلائیڈنگ میں پھنسے 2 ہزار کے قریب افراد کے زندہ بچ جانے کا امکان نہیں، اقوام متحدہ

غیرملکی سرمایہ کاری پر منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 251 فیصد اضافہ