پاکستان

خیبر پختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، 23 دہشت گرد ہلاک

ضلع خیبر کے علاقے باغ میں آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت بھی نوش کیا، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کرتے ہوئے 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پشاور میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ضلع ٹانک میں کیے گئے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کیا گیا جس میں فورسز نے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ دو دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق تیسرے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ شہید ہونے والے جوانوں میں کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ نائیک محمد اشفاق بٹ، ضلع پونچھ کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک سید دانش افکار ، ضلع لیہ کے 32 سالہ سپاہی تیمور ملک، پونچھ کے 22 سالہ سپاہی نادر صغیر ، ضلع خوشاب کے 23 سالہ محمد یاسین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پشاور ضلع کے علاقہ حسن خیل میں انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں کی مبینہ موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے تھے جب کہ 3 زخمی بھی ہوئےتھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حولدار شفیق اللہ شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان، شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 11 دہشت گردہلاک

سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی، دو دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی پشاور میں کارروائی: 5 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید