عمران خان سے علی امین گنڈاپور کی جیل میں ملاقات
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق علی امین گنڈاپور اور عمران خان کے درمیان ملاقات جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی، جو تقریبا 40 منٹ تک جاری رہی۔
بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس ائی ایف سی) اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا، جب کہ ملاقات میں پارٹی اور ملکی سیاسی صورتحال بارے بات چیت کی گئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ختم ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
گزشتہ روز ایس آئی ایف سی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ صوبے کی نمائندگی کے لیے اجلاس میں شرکت کی اور صوبے کے عوام کے ریلیف کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ہمارے صوبے کے فنڈز فوری ادا کریں، اپنا کام بھی کریں گے اور ایس آئی ایف سی کے تحت بھی حاضر ہیں، جب کہ اجلاس میں فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس لگانے کی مخالفت کی۔
یاد رہے کہ کچھ دیر گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا 10واں اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار ، وفاقی وزرا، چاروں وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیف سیکریٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کونسل میں ایس آئی ایف سی صرف فوجی افسران کا نام نہیں، اس کی کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کردیے ہیں، فوجی اور سول افسران ایس آئی ایف سی سے متعلق ملکرکام کررہے ہیں۔