حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، اچھے کاموں میں سپورٹ کریں گے، یوسف رضا گیلانی
پیپلز پارٹی کسانوں کے حق میں ہے، جب بجٹ کے خدوخال بنیں گے تو پیپلز پارٹی اپنی اس پالیسی کے مطابق حکومت کو مشورہ دے گی، قائم مقام صدر مملکت
قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے حکومت میں شمولیت سے انکار نہیں کیا، ہم حکومت کے اچھے کاموں میں انہیں سپورٹ کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حکومت میں شمولیت کے لیے بات چیت جاری ہے۔
کسانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ کسانوں کے معاملے میں مڈل مین نے پیسے کمالیے، اس سے کسانوں کا نقصان ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسانوں کے حق میں ہے، جب بجٹ کے خدوخال بنیں گے تو پیپلز پارٹی اپنی اس پالیسی کے مطابق حکومت کو مشورہ دے گی،جو بھی بجٹ پیش کرے وہ نوجوان اور کسان دوست ہونا چاہیے، کوئی بھی بل یا قانون اکثریت سے پاس ہوگا۔