پاکستان

کے الیکٹرک کی واجبات کی عدم ادائیگی پر سندھ حکومت کے دفاتر کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی

سندھ حکومت پر 9 ارب 20 کروڑ روپے بجلی کے بل کی مد میں واجب الادا ہیں، جنوری سے ادائیگیاں نہیں کی ہیں، کے الیکٹرک

کے الیکٹرک نے واجبات کی عدم ادائیگی پر سندھ حکومت کے دفاتر کی بجلی منقطع کرنے کی دھمکی دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق کے الیکٹرک نے دعوی کیا ہے کہ سندھ حکومت پر 9 ارب 20 کروڑ روپے بجلی کے بل کی مد میں واجب الادا ہیں اور صوبائی حکومت اور واٹر بورڈ نے جنوری سے ادائیگیاں نہیں کی ہیں۔

کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ سندھ حکومت فوری طور بجلی کا بل ادا کرے ورنہ بجلی منقطع کردی جائے گی کیونکہ مالیاتی بحران کی وجہ سے نیٹ ورک کی مینٹیننس میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سندھ حکومت کے سیکریٹری فنانس اور توانائی سمیت میئر کراچی اور دیگر حکام کو مکتوب ارسال کر دیے گئے ہیں۔