پاکستان

اسلام آباد: بشام حملے میں ہلاک چینی باشندوں کے لواحقین کیلئے پیکج کی منظوری

وفاقی کابینہ سے ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری پرمنظوری لے لی گئی، 5 چینی باشندوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرز معاوضہ دیاجائےگا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے بشام میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں ہلاک چینی باشندوں کے لواحقین کے لیے معاوضہ پیکج کی منظوری دے دی گئی۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے داسوپروجیکٹ پر کام کرنے والے دہشت گردحملے میں ہلاک چینی باشدوں کے لواحقین کے لیے پیکج کی منظوری دی جس کے تحت 5 چینی باشندوں کے خاندانوں کو مجموعی طور پر 25 لاکھ 80 ہزار ڈالرز معاوضہ دیاجائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے ہنگامی بنیادوں پر سرکولیشن سمری پرمنظوری لے لی گئی، ہلاک ہر چینی شہری کے خاندان کو 5 لاکھ 16 ہزار ڈالرز دیےجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق رقوم چینی باشندوں کے لواحقین کو بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانہ ادا کرے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں ہلاک ایک پاکستانی شہری کےخاندان کو 25لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

واضح رہے 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

عالمی عدالت کے فوجی آپریشن روکنے کے حکم کے باوجود اسرائیل کی رفح میں بمباری

جے شاہ نے بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے آسٹریلوی سابق کرکٹرز سے رابطہ کرنے کی تردید کردی

نیلی اور میں شادی کرنا چاہتے تھے، جاوید شیخ کا انکشاف