پاکستان

سی ڈی اے کی طرف سے ہمارے اوپر یلغار کی گئی، بیرسٹر گوہر خان

ہم واضح کرنا چاہتے ہیں ہم پر امن ہیں، ہماری عورتوں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن ہم پھر بھی مشتعل نہیں ہوئے، چیئرمین تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی طرف سے ہمارے اوپر یلغار کی گئی۔

اسلام آباد میں پارٹی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں پارٹی کے سینٹرل آفس کا تقدس ہوتا ہے، کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی طرف سے ہمارے اوپر یلغار کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد ہمارے راستے میں رکاوٹوں کو کھڑا کرنا تھا، کور کمیٹی کا اجلاس آج ہم نے باہر سڑک پر منعقد کیا، ہم سی ڈی اے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں ہم پر امن ہیں، ہماری عورتوں کو جیلوں میں ڈالا گیا لیکن ہم پھر بھی مشتعل نہیں ہوئے۔

بعد ازاں رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے بتایا کہ اس فرسودہ نظام میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں ہے، کل رات کو ہم سب نے دیکھا کہ فرسودہ نظام کے بلڈوزر آئے، ہمارے ساتھ وہی کیا گیا جو فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ہورہا ہے، پاکستان کی قوم اور ایک ایک ورکر کے دل میں عمران خان کی محبت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عامر مغل کو رات کو پولیس گردی کا نشانہ بنایا گیا، ایڈووکیٹ علی بخاری اور ہم نے ان کو رات کے 3 بجے بازیاب کروایا، اس نظام کے خلاف ہم آخری حد تک لڑیں گے، شہباز شریف اور مریم نواز کی حکومت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جس وقت عمران خان کا آرڈر ہوگا تو اسی وقت سے ہماری تحریک شروع ہوجائے گی، پانی کا ایک قطرہ بھی پہاڑ کو چیر دیتا ہے۔

اس کے بعد شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ جنگ پہلے ہی جیت چکے ہیں، یہ سیاسی طور پر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکے تو یہ اب ہمیں شکست دینے کے لیے طاقت کا استعمال کررہے ہیں، آئین کی بحالی ہمارا سب سے بڑا سیاسی ٹارگٹ ہے، پاکستان کا تاثر بیرونی دنیا میں انتہائی خراب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد ہسپتال میں زندگی موت کی جنگ لڑرہی ہیں، ہماری خواتین ایک سال سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہی ہیں، تمام سختیوں کے باوجود ہم نے پرامن پروقار تشخص برقرار رکھا ہے، ججوں پر چڑھائی کی جارہی ہے، یہ مرضی کے فیصلے چاہتے ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ فکس میچ کھیلا ہے، ہمارے نوجوانوں کا مستقبل روشن نہیں لگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں تیز ہوا اور آندھی کے باعث پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں درخت گرگیا، درخت گرنے سے 2 افراد اور ایک بچہ زخمی ہوگیا تھا۔

عمران اشرف اپنی نقل اتارنے والے سوشل میڈیا اسٹار کے معترف

اداروں کے خلاف ’نفرت انگیز بیانیہ‘ بنانے پر عمران خان کیخلاف کارروائی کی منظوری

اسپین میں ریسٹورنٹ منہدم: 4 افراد ہلاک 16 زخمی