اسلام آباد: کرپشن، اختیارات سے تجاوز پر ایف آئی اے کے 2 اہلکاروں کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے 2 اہلکاروں کو کرپشن کرنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون سید شہزاد ندیم بخاری نے محکمے کے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں تعینات 2 اہلکاروں کے خلاف کرپشن کرنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں کانسٹیبل بلال اعوان اور عاقب محمود نامزد ہیں۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مقدمے میں نامزد ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔