محکمہ تعلیم سندھ کا گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت نہ کرنے کا فیصلہ
محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں گرمی کی شدت کے باوجود موسم گرما کی سالانہ تعطیلات قبل از وقت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہسندھ میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیاں اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ہی ہوں گی۔
پنجاب کی طرز پر سندھ میں گرمی کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کی تجویز زیر غور تھی، محکمہ موسمیات نے کراچی میں مئی کے مہینے میں ہیٹ ویو نہ ہونے کی وضاحت کی تھی۔
یاد رہے کہ پنجاب میں گرمی کی شدت کے پیش نظر گزشتہ روز اسکولوں میں موسم گرما کی سالانہ چھٹیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تمام پبلک اور پرائیوٹ اسکولوں میں چھٹیاں 25 مئی سے ہوں گی۔
یاد رہے کہ 17 مئی کو محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ صوبہ بھر میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 14 اگست تک ہوں گی تاہم صوبے میں گرمی کی بڑھتی شدت اور ہیٹ ویو کے خدشات کے باعث چھٹیوں کا نیا شیڈول جاری کیا گیا، اس کے علاوہ اسکولوں کے اوقات کار بھی کم کردیے گئے تھے۔
17 مئی کو صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کیا تھا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کہا تھا کہ رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں، 21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم خشک اور درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری زیادہ تک رہے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مزید کہا تھا کہ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔