پاکستان

خیبرپختونخوا حکومت کی نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

عوامی مفاد کے مقدمات کی سماعت بینچ ون سے براہ راست نشر کی جاتی ہیں لیکن نیب ترامیم کیس کی اپیلوں کی سماعت براہ راست نشر نہیں کی گئی، دائر درخواست میں مؤقف

حکومت خیبرپختونخوا نے نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق درخواست ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا سید کوثر علی شاہ کی جانب سے دائر کی گئی۔

دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ عوامی مفاد کے مقدمات کی سماعت بینچ ون سے لائیو اسٹریم کی جاتی ہیں لیکن نیب ترامیم کیس کی اپیلوں کی سماعت براہ راست نشر نہیں کی گئی۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ کیس کی سماعت براہ راست نشر نہ ہونا امتیازی سلوک ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا حکم دیا جائے۔

واضح رہے کہ 16 مئی کو قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترامیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان کو بطور درخواست گزار ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 5 رکنی لارجر بینچ مقدمے کی سماعت کر رہا ہے، بینچ میں جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔

مقدمے کی سماعت براہ راست نشر نہیں کی گئی تھی اور اس کی وجہ بھی بیان نہیں کی گئی تھی جب کہ گزشتہ روز سماعت براہ راست نشر کی گئی تھی۔

ننھے وِلاگر شیراز نے ولاگز بنانا کیوں چھوڑا؟ والد نے اصل وجہ بتادی

تیسرا ویمن ٹی 20: پاکستان کو 34 رنز سے شکست، انگلینڈ کا سیریز میں کلین سویپ

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ساتھیوں سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق