شدید گرمی کے سبب سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ تبدیل
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے تاریخ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، اب امتحانات 22 مئی کے بجائے 27 مئی سے ہوں گے۔
شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تاریخ تبدیل کردی گئی اور اب امتحانات 22 مئی کے بجائے 27 مئی سے ہوں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
کراچی میں انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا پہلے مرحلے کا آغاز 27 مئی سے ہوگا جس کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپ کے امتحان لیے جائیں گے۔
صبح کی شفٹ میں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپ کے پرچے لیے جائیں گے جبکہ شام کی شفٹ میں سائنس جنرل کے امتحان لیے جائیں گے۔