لائف اسٹائل

ننھے وِلاگر شیراز نے ولاگز بنانا کیوں چھوڑا؟ والد نے اصل وجہ بتادی

شیراز کو وی لاگنگ کی وجہ سے کافی مقبولیت ملی لیکن اس کی وی لاگنگ کو ختم کرنے کی کچھ وجوہات ہیں، والد

سوشل میڈیا پر کم عرصے میں شہرت بٹورنے والے نامور ننھے وِلاگر شیراز کی جانب سے اچانک ولاگز نہ بنانے کے اعلان پر ان کے والد نے اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ شہرت کی وجہ سے شیراز کے رویے میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی تھی۔

شیراز کے والد نے یوٹیوب پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کافی مشکل ہے جب آپ کو اتنی مقبولیت ملی ہو اور اچانک منظر عام سے غائب ہوجائیں، والد نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ یہ مقبولیت حاصل کرنا ان کے لیے بڑی کامیابی ہے، کامیابی تب ہوگی جب شیراز کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کو فائدہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ شیراز کو وی لاگنگ کی وجہ سے کافی مقبولیت ملی لیکن اس کی وی لاگنگ کو ختم کرنے کی کچھ وجوہات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شیراز سیدھا سادھا بچہ تھا، گاؤں میں رہ کر وی لاکنگ کرتا تھا، سب سے اچھے سے ملتا اور محبت کرتا تھا لیکن شہرت کی وجہ سے شیراز کے رویے میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی تھی، شہرت کی وجہ سے اصل شیراز کہیں کھو گیا تھا اور لوگوں سے بھی اچھے طریقے سے نہیں مل رہا تھا۔

شیراز کے والد نے کہا کہ اس وجہ سے انہوں نے کچھ وقت کے لیے شیراز کو وی لاگنگ دور رکھا ہے اور وہ خود بھی کوشش کررہے ہیں کہ پہلے کی طرح شیراز کے معصوم اور سیدھے سادھے انداز کو واپس لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری وجہ تعلیم ہے کیونکہ وی لاگنگ کی وجہ سے اس کی توجہ پڑھائی پر بھی نہیں تھی۔

انہوں نے بتایا کہ شیراز کو ولاگنگ کرنا بے حد پسند ہے، اسے جہاں موبائل ملتا ہے۔

واضح رہے کہ شیراز اور مسکان نے 16 مئی کو یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ولاگ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اب دونوں ولاگز نہیں بنائیں گے۔

دونوں نے اپنے لاکھوں چاہنے والوں سے اجازت مانگی اور اس دوران دونوں آبدیدہ بھی ہوگئے۔

شیراز کا کہنا تھا کہ انہیں ولاگز بنانا بہت پسند ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ ولاگز بناتے رہیں لیکن والد نے اب انہیں ایسا کرنے سے منع کردیا ہے کیوں کہ ان کے والد کی خواہش ہے کہ وہ اور مسکان اچھی طرح تعلیم حاصل کریں۔

شیراز کون ہے؟

شیراز نے رواں برس جنوری میں ہی یوٹیوب، انسٹاگرام اور فیس بک پر ولاگز بنانا شروع کیے تھے۔

شیراز نے یوٹیوب پر 17 جنوری 2024 کو اپنا پہلا ولاگ اپ لوڈ کیا تھا، جسے اب تک تقریبا 10 لاکھ بار کے قریب دیکھا جا چکا ہے۔

شیراز نے اپنے چند ہی ولاگز میں نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دیگر ممالک میں اردو سمجھنے والے افراد کی بھی توجہ حاصل کرلی تھی اور یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہوچکی تھی۔

شیراز نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 84 ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جس میں سے متعدد ویڈیوز کو لاکھوں بار دیکھا گیا اور فیس بک پر بھی ان کے 16 لاکھ جب کہ انسٹاگرام پر 21 لاکھ فالوورز ہیں۔

شیراز نے درجنوں ولاگز اپنی چھوٹی بہن مسکان کے ساتھ بھی شیئر کیے اور دونوں بچوں کو ان کے سادہ انداز، گلگتی انداز میں بولی جانے والی اردو کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا۔

دنیا بھر میں شہرت بٹورنے والے ننھے ولاگر شیراز کا ولاگز نہ بنانے کا اعلان

’آج میں وزیراعظم ہوں‘، سوشل میڈیا اسٹار شیراز کی شہباز شریف سے ملاقات

'پیچھے تو دیکھو' سے شہرت حاصل کرنے والا بچہ پاکستان کا کم عمر یوٹیوب اسٹار