آئی جی اسلام آباد کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر سے کیبل چوری کرنے والا گروہ گرفتار
وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے آئی جی اسلام آباد کی رہائش گاہ کے قریب سے کیبل چوری کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر سے چور لاکھوں روپے مالیت کی کیبل کاٹ کر لے گئے۔
آئی جی اسلام آباد کی سرکاری رہائش گاہ سے کیبل چوری کا واقعہ رات کے وقت پیش آیا، چوروں نے گزشتہ رات 3 اور 4 بجے کے درمیان واردات کی، کیبل چوری کی وجہ سے تمام ٹیلیفون نمبر بند ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی رہائش گاہ کے قریب سے ٹیلی فون کیبل چوری کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان گرفتار کرلیاگیا اور ان کے قبضے سے کیبل بھی برآمد کرلی گئی۔
ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ تھانہ کوہسار پولیس نے 24 گھنٹے کےاندر ملزمان کو گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف سیون میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کی سرکاری رہائش گاہیں ہیں۔