پاکستان

ہائی کورٹ کا کراچی میں قدرتی راستوں اور نکاسی آب کے نالوں کے سروے کا حکم

سروے مکمل کرنے کے لیے تمام ریکارڈ اور نقشہ جات کا جائزہ لیا جائے، ترقیاتی منصوبے سے نکاسی آب سمیت پانی کے ذرائع متاثر نہ ہوں، جسٹس صلاح الدین

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں پانی کے ذرائع، قدرتی راستوں اور نکاسی آب کے نالوں کے سروے کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں نالے پر تعمیرات کی اجازت دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ شہر بھر کے نالوں کے سروے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو بھی آن بورڈ لیا جائے اور سروے مکمل کرنے کے لیے تمام ریکارڈ اور نقشہ جات کا جائزہ لیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کہا ہے کہ متعدد عمارتیں نالوں پر قائم ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے سے نکاسی آب سمیت پانی کے ذرائع متاثر نہ ہوں اور اگر ایسا کوئی منصوبہ بنایا گیا تو ذمہ افسر خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

جسٹس صلاح الدین نے کہا کہ عدالت کے حکم پر من و عن عمل درآمد کیا جائے ورنہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

عدالت نے اگلی سماعت پر احکامات پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی۔