پاکستان

خوشاب: بریک فیل ہونے کے باعث ٹرک حادثے کا شکار، بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق، 12 زخمی

جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ خاندان بنوں سے مزدوری کے لیے ٹرک میں خوشاب آ رہا تھا، ریسکیو ذرائع

پنجاب کے ضلع خوشاب میں ٹریفک حادثے میں بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق خوفناک حادثہ پنج پیر مناواں روڈ پر ٹرک کا بریک فیل ہونے کے بعد پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق بنوں سے آنے والا ٹرک بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا۔

حادثے میں ٹرک میں سوار بچوں سمیت 14 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔

حکام کے مطابق ٹرک سوار شہری خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں سے نوشہرہ آرہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افرادکا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ خاندان بنوں سے مزدوری کے لیے ٹرک میں خوشاب آرہا تھا۔

وزیرداخلہ کا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خوشاب کے قریب وادی سون سکیسر میں منی ٹرک کھائی میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔

وزیر داخلہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور افسوسناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی دکھ کا اظہار کیا، محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

رشتوں، تعلقات اور کاروبار سمیت متعدد غلط فیصلے کیے، آغا علی کا اعتراف

پی ایس ایل میں دو نئی ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ، 2026 کا ایڈیشن 8 ٹیموں پر مشتمل ہو گا

شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر، رانا ثنااللہ چیف الیکشن کمشنر مقرر