پاکستان

کراچی: کال سینٹر میں پارٹ ٹائم کام کرنے والے میٹرک کے طالبعلم کی لاش برآمد

16سالہ عبداللہ آج میٹرک کا پرچہ دینے کے بعد گھر گیا تھا، شام میں کام کرنے کے لیے کال سینٹر آیا تو فرش پر اس کی گولی لگی لاش پڑی ملی، پولیس

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کال سینٹر میں بطور پارٹ ٹائم کام کرنے والے میٹرک کے طالب علم کی اسی کال سینٹر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔

سپر مارکیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ لیاقت آباد نمبر 2 کی رحمانیہ مسجد کے پیچھے کال سینٹر میں پیش آیا جہاں جھنڈا چوک کے رہائشی 16 سالہ طالبعلم عبداللہ محمود کی گولی لگنے سے موت واقع ہوئی۔

متوفی کال سینٹر میں پارٹ ٹائم کام کرتا تھا اور جمعہ کی صبح میٹرک کا پرچہ دینے کے بعد گھر گیا تھا، اس کے بعد شام کو وہ اپنے پارٹ ٹائم کام کے لیے کال سینٹر گیا تھا۔

اسی کال سینٹر میں کام کرنے والی ثنا نامی لڑکی نے لڑکے کو مردہ حالت میں پڑا دیکھا اور دفتر کے سپروائزر کو اطلاع دی۔

پولیس کے مطابق لڑکے کے گال پر ایک گولی لگی جبکہ پولیس نے کال سینٹر کے فرش سے پستول بھی برآمد کر لیا۔

ایس ایس پی وسطی ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ کال سینٹر کے مالک حارث نے پولیس کو بتایا کہ پستول اس کا ہے، جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ گلستان جوہر میں اپنی رہائش گاہ پر موجود تھے اور پستول انہوں نے اپنے دفتر کے کمرے میں بند کر رکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے یا قتل کا۔