پاکستان

پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، وزیر اعظم

بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ ( ن) کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہباز شریف نے حکومتی معاشی پالیسیوں، بیرونی سرمایہ کاری اور سیاسی صورتحال پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔

ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کی قیادت میں ملکی معاشی استحکام کے لیے اقدامات اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سہرا پوری حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے کہ اگر یونہی محنت جاری رکھی تو پاکستان کے معاشی حالات ان شا اللہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچائیں۔