پاکستان

ایمنڈ نے پنجاب کے ہتک عزت کے مجوزہ بل، وفاقی حکومت کے پیکا ترمیمی بل مسترد کردیا

کوئی بھی قانون بنانے سے پہلے نہ صرف اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی قانون آزادی اظہار رائے کو متاثر نہ کرے، ایسوسی ایشن

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے حکومت پنجاب کی جانب سے تیار کیے گئے ہتک عزت کے مجوزہ بل اور وفاقی حکومت کے پیکا ترمیمی بل کو مسترد کردیا ہے۔

ایمنڈ کی جنرل باڈی کا اجلاس لاہور میں ہوا جس میں ملک میں آزادی صحافت کی موجودہ صورتحال اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ایمنڈ ہتک عزت اور فیک نیوز کے تدراک کے لیے قانون سازی کی مخالف نہیں، تاہم کوئی بھی قانون بنانے سے پہلے نہ صرف اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی قانون آزادی اظہار رائے کو متاثر نہ کرے۔

اپنے بیان میں ایمنڈ کا کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیے بغیر عجلت میں منظور کیا گیا کوئی بھی قانون آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔

جنرل باڈی اجلاس میں 2024 سے 2026 تک کے لیے عہدیداروں کا انتخاب بھی کیا گیا جبکہ مختلف قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔