پاکستان

لاہور: اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف دائر درخواست خارج

سینیٹر اسحٰق ڈار وزیر خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں، آئین میں نائب وزیر اعظم کا عہدہ موجود نہیں ہے، درخواست گزار

لاہور ہائی کورٹ میں اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کے خلاف دائر درخواست خارج کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔

درخواست گزار اشبا کامران نے کہا کہ سینیٹر اسحٰق ڈار وزیر خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں، آئین میں نائب وزیر اعظم کا عہدہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ آئین کے برخلاف اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کی گئی ہے، درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تقرری کالعدم قرار دے۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

یاد رہے کہ 28 اپریل کو وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار کو ملک کا نائب وزیرِاعظم مقرر کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2 مئی کو سندھ ہائی کورٹ میں بھی سینیٹر اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن چیلنج کردیا گیا تھا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 28 اپریل کو اسحٰق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، پاکستان کے آئین میں کہیں نائب وزیراعظم کے عہدے کا ذکر نہیں ہے، فیڈرل گورنمنٹ کے رولز آف بزنس میں بھی نائب وزیراعظم کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا اپنے ہی گورنر کیخلاف اقدام

وزیراعظم شہباز شریف آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گنڈاپور کا دوٹوک پیغام