کراچی: خاتون پولیس اہلکار پر شوہر نے تیزاب پھینک دیا
تیزاب گردی کا شکار 30 سالہ اقرا 33 فیصد جھلسی ہیں جنہیں سول ہسپتال کے برنز سینٹر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں خاتون پولیس اہلکار تیزاب گردی کا شکار ہوگئیں اور تیزاب مبینہ طور پر خاتون کے شوہر نے پھینکا۔
پولیس کے مطابق تیزاب گردی کا شکار 30 سالہ اقرا 33 فیصد جھلسی ہیں جنہیں سول ہسپتال کے برنز سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔
متاثرہ خاتون بلوچستان پولیس میں کانسٹیبل ہیں جنہیں شوہر امین ہسپتال لے جانے کے بہانے سے حب سے کراچی لایا اور تیزاب پھینک کر بچوں کو لے کر فرار ہوگیا۔
ملزم شوہر حب کا رہائشی ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔