لائف اسٹائل

عہدے اور دفتری ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہوں، ہاظم بنگوار کا تنقید پر جواب

ہاظم بنگوار ہم اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہیں منفرد فیشن ایبل لباس میں دیکھ کر لوگوں نے ان پر تنقید کی تھی۔

اسسٹنٹ کمنشر (اے سی) ہاظم بنگوار نے اپنے لباس اور فیشن پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، عہدے اور دفتری امور سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ہاظم بنگوار دو دن قبل سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہونے والی ہم اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہیں منفرد فیشن ایبل لباس میں دیکھا گیا۔

ہاظم بنگوار کی فیشن ایبل لباس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں اور انہوں نے خود بھی اپنے انسٹاگرام پر ایوارڈز شو کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی تھیں۔

ان کے ہمراہ شوبز شخصیات کی بھی اسٹائل ایوارڈز کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جن پر شائقین نے اداکاروں کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

ہاظم بنگوار پر بھی تنقید کی گئی اور ان کے سرکاری ملازم ہونے کی وجہ سے ان پر سخت تنقید کی گئی، ان پر تنقید کرنے والوں میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری بھی شامل تھے۔

اب ہاظم بنگوار نے خود پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، دفتری امور اور عہدے سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ اپنے تمام فرائض احسن انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کسی کا نام لکھے بغیر تنقید کرنے والوں کو جواب دیا کہ زیادہ تر لوگ یہ بھول چکے ہیں کہ ہاظم بنگوار ایک بیورو کریٹ کے علاوہ ایک انسان بھی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ دوسرے انسانوں کی طرح انہیں بھی اپنی ذاتی زندگی مرضی کے مطابق گزارنے کا حق ہے اور اس بات کو بہت سارے لوگ بھول چکے ہیں۔

ہاظم بنگوار نے لکھا کہ وہ اپنی پرتعیش زندگی چھوڑ کر عوام کی خدمت کے لیے افسر شاہی کا حصہ بنے لیکن انہیں اس کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ انہیں ہر روز عام لباس پہننے پر تنقید، ٹرولنگ اور نامناسب رویوں اور الفاظ کا سامنا رہتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور وہ دفتر میں اچھا لباس پہن کر جاتے ہیں۔

ہاطم بنگوار نے شکوہ کیا کہ کسی بھی ڈاکٹر سے یہ توقع نہیں کی جاتی کہ وہ اپنا گاؤن پہن کر عام افراد میں جائیں گے لیکن ان سے یہ امید رکھی جاتی ہے کہ وہ باہر بھی وہی لباس پہن کر جائیں جو کہ دفتر میں پہنا ہوتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ان کا آخری اور واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اور وہ پرسکون اور اچھے انداز میں اپنے فرائض نبھا رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ انہیں اپنی ذمہ داریاں پرسکون انداز میں ادا کرنے دی جائیں گی۔

کراچی: نارتھ ناظم آباد کے ’فیشن کے دلدادہ‘ اسسٹنٹ کمشنر کے چرچے

ماضی میں محبت ہوئی تھی، ابھی شادی کے لیے کم عمر ہوں، ہاظم بنگوار

ٹرانس جینڈر یا عورت نہیں، مرد ہوں، ہاظم بنگوار