اسلام آباد: سرکاری رہائش گاہوں میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے دارالحکومت اسلام آباد میں سرکاری رہائش گاہوں میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے ایسے مقامات کی نشاہدہی کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سرکاری رہائش گاہوں میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات بنانے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں وزارت ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے اسٹیٹ آفس نے سرکاری رہائش گاہوں میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے مقامات کی نشاندہی کے لیے 3 سروے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
سروے ٹیم غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو تیس روز میں اضافی تعمیرات ختم کرنے کا نوٹس جاری کریں گی، اضافی تعمیرات مسمار نہ کرنے والوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی۔
سرکاری رہائش گاہوں کو کرایہ پر دینے،کمرشل سرگرمیاں کرنے والوں کی الاٹمنٹ موقع پر منسوخ کی جائے گی، تاہم چیف انسپکٹر ٹیموں کی نگرانی اور ڈائریکٹر اسٹیٹ افس کو رپورٹ جمع کرائیں گے۔