کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ نے ہزاروں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کردیا
کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ نے ہزاروں افراد کو نقل مکانی پر مجبور کردیا جب کہ فائر فائٹرز طویل آپریشن کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغربی کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر فائر فائٹرز نے تیزی سے قابو پالیا جب کہ کینیڈین حکام نے صوبے برٹش کولمبیا کے ایک ضلع کے رہائشیوں کو فوری طور پر گھروں سے نکالنے میں کامیاب رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کینیڈین حکام نے تیل کا مرکز کہلائے جانے والے صوبے البرٹا کے رہائشیوں کو بھی فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کرنے کی ہدایت کردی۔
البرٹا کے حکام نے بتایا کہ جنگل میں لگنے والی بے قابو آگ کی شدت ابتدائی طور پر رپورٹ ہونے والی آگ سے دْگنی تھی۔ یہ آگ فورٹ میک میرے کے جنوب مغرب میں 16 کلو میٹر (9.94 میل) پر لگی جو 1992 ایکڑ تک پھیلی۔
علاقائی میونسپلٹی میئر روب فریزر نے ایک انٹریو کے دوران بتایا کہ فورٹ نیلسن کے اندر اور اطراف میں بسنے والے تقریباً 3500 رہائشیوں کو فوری طور پر دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگل میں لگنے والے اس ہولناک آگ کی ابتدا ایک درخت میں لگنے والی آگ سے ہوئی جو تیز ہواؤں کے باعث بجلی کی ایک تار پر گرا تھا۔
البرٹا کے حکام کا کہنا تھا کہ جنگل میں لگنے والی اس آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز کے عملے کے 5 لوگوں کے علاوہ، 9 ہیلی کاپٹرز اور آئیرٹینکرز کی مدد لی گئی جب کہ یہ آپریشن ہفتے کی رات نائٹ وژن ہیلی کاپٹرز اور بھاری مشینری کی مدد سے جاری رہا۔