شاہین آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد ٹیم میں مسائل پیدا ہوگئے ہیں، راشد لطیف
پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نےقومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی سے ہٹانے کے بعد ٹیم میں مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔
راشد لطیف کا یہ بیان اس وقت سامنے آئے جب 10 مئی کو آئرلینڈ نے ڈبلن میں پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ ’دورہ نیوزی لینڈ کے بعد سے پاکستان کی باؤلنگ مایوس کن رہی ہے، شاہین آفریدی کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد سے مسائل دیکھے جا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے زور دیا کہ بابر اعظم نے دوبارہ کپتانی قبول کرنے کے بعد اپنی کمزوریاں ظاہر کردی ہیں۔
راشد لطیف نے کہا کہ بابراعظم نے دوبارہ کپتانی قبول کرکے کمزوری دکھائی ہے، جب تک ٹیم باہر سے منتخب ہوگی اور کپتان فیصلوں میں شامل نہیں ہوگا ٹیم کی یہی صورتحال دیکھنے کو ملے گی۔
یدا رہے کہ آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی 12 اور تیسرا 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔
آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے یہ میچز 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔