پاکستان

شبلی فراز اور عمر ایوب کیخلاف بیان، شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری

سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے شیر افضل مروت کو غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے شیر افضل مروت کو غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔

عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے بیانات سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، بانی تحریک انصاف کے واضح احکامات ہیں کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات نہ دیے جائیں۔

شوکاز نوٹس کے مطابق شیر افضل مروت کے کردار سے پارٹی اور ارکان کو ہزیمت اٹھانا پڑی، جس کی وجہ سے ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت سے 3 روز میں وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے مقررہ وقت کے اندر مطمئن جواب نہ دیا تو پارٹی ڈسپلن کے تحت مذید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیر افضل مروت نے کیا کہا تھا؟

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت اس سے قبل امریکا اور سعودی عرب دونوں پر پی ٹی آئی کی حکومت گرانے کی سازش کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔

پی ٹی آئی نے عوامی طور پر ان کے ریمارکس سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا تاہم شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اور وہ اس پر قائم ہیں۔

کچھ روز قبل راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ عمر ایوب اور شبلی فراز نے مجھے بانیٔ پی ٹی آئی سے نہیں ملنے دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ جیل حکام ڈال سکتے ہیں، جو اوپر ہوتے ہیں وہ بھی رکاوٹ ڈال سکتے ہیں، میں بانیٔ پی ٹی آئی کے لیے نکلا تھا، آزادی کے لیے نکلا تھا۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں جس ایجنڈے کے لیے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا، ہر معاملے پر بانیٔ پی ٹی آئی کو گمراہ کیا گیا، یہ لوگ آئیں اور قیادت کریں، میں ان کی پیروی کروں گا۔

عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل کو پی ٹی آئی کی کمیٹیوں سے نکال دیا گیا ہے، عمر ایوب

روس: مسافر بس پُل سے دریا میں گر گئی، 7 افراد ہلاک، فوٹیج وائرل

’آئی کیوب قمر‘ کی کامیاب لانچنگ کے بعد ایک اور سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی تیاری