9 مئی: 3 مقدمات میں عبوری ضمانت، عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر آئندہ سماعت میں ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری یقینی بنانے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں سابق وزیر اعظم کی 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔
بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے ان کی حاضری یقینی کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔
ساتھ ہی عدالت نے سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف عسکری ٹاور، جناح ہاؤس اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔