پاکستان

مخصوص نشستوں پر کامیاب 76 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل ہونے کا امکان

الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گا، قومی اسمبلی کے 23 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے 53 ارکان کی رکنیت معطل ہوگی۔
|

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کی روشنی میں مخصوص نشستوں پرکامیاب قرار دیےگئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 76 ارکان کی رکنیت آج معطل ہونے کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے پر مشاورت مکمل کرلی، جس کے بعد آج باقاعدہ فیصلہ آنے کا امکان ظاہرکیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرے گا، قومی اسمبلی کے 23 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے 53 ارکان کی رکنیت معطل ہوگی۔

یاد رہے کہ 6 مئی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی اور مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا تھا کہ ہم کیس کو سماعت کے لیے منظور کر رہے ہیں، ہم الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو معطل کر رہے ہیں، تاہم فیصلوں کی معطلی اضافی سیٹیں دینے کی حد تک ہو گی۔

یاد رہے کہ 4 مارچ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کی درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 53 کی شق 6، الیکشن ایکٹ کےسیکشن 104 کےتحت فیصلہ سناتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کی سنی اتحاد کونسل کی درخواست کو مسترد کیا۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ یہ مخصوص نشستیں خالی نہیں رہیں گی، یہ مخصوص متناسب نمائندگی کے طریقے سے سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن نے تمام خالی مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم پاکستان اور جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن (جو یو آئی ف) کو دینے کی درخواست منظور کی تھی۔

بعد ازاں 14 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے متفقہ طور پر سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

پاکستان کی بڑی کامیابی: آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں داخل

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان، بشریٰ بی بی کیخلاف مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند، ایک پر جرح مکمل

توشہ خانہ کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی نیب طلبی کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری