اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مثبت رجحان، انڈیکس میں 427 پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مثبت رجحان برقرار ہے، ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 40 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 427 پوائنٹس یا 0.59 فیصد بڑھ کر 73 ہزار 191 پر جا پہنچا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای-100 انڈیکس 862 پوائنٹس کے اضافے سے 72 ہزار 764 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، مجموعی طور پر 364 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا، 257 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 107 کے شیئرز میں کمی ہوئی۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے اسسٹنٹ نائب صدر عدنان شیخ کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں تیزی سعودی وفد کی آمد اور آئی ایم ایف کی جانب سے مشن کے دورے کے بیان پر ہوئی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز (3 مئی) اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں ایک ہزار 244 پوائنٹس اضافے کے بعد 71 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے ہیڈ آف ریسرچ طاہر عباس نے مشاہدہ کیا تھا کہ گزشتہ 3 دنوں سے جاری 3 فیصد کریکشن کے بعد مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے پروگرام اور آئندہ بجٹ سرمایہ کار دوست ہونے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔
یاد رہے کہ 29 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100-انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، جس کے بعد اگلے چند روز بتدریج کمی کے بعد 2 مئی کو انڈیکس 70 ہزار 657 پر آ گیا تھا۔
اس سے قبل 26 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 771 پوانٹس اضافے کے بعد 72 ہزار742 پوانٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا تھا۔
24 اپریل کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 692 پوائنٹس اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 72 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
22 اپریل کو 100 انڈیکس 523 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے بعد 71 ہزار 433 پوائنٹس کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔