اسلام آباد: نان، روٹی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن واپس، ایسوسی ایشن کی درخواست نمٹادی گئی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی ) کا نوٹیفکیشن واپس لے لیے جانے پر نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کی درخواست نمٹادی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے صدر نان بائی ایسوسی ایشن سجاد احمد کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار وکیل عمر اعجاز گیلانی کے معاون اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے نمائندے بھی عدالت پیش ہوئے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں 16 روپے روٹی اور 20 روپے نان کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
نوٹیفکیشن واپس ہونے پر وفاقی دارالحکومت میں نان 30 روپے اور روٹی کی 25 روپےکی پرانی قیمتیں بحال ہوگئی ہیں۔
عدالت نے ضلعی انتظامیہ کا نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن واپس لیے جانے پر درخواست نمٹادی۔
نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر سجاد احمد نے ڈپٹی کمشنر کا نوٹیفکیشن چیلنج کر رکھا تھا، عدالت نے پچیس اپریل کو ڈپٹی کمشنر کا نوٹیفکیشن معطل کیا تھا۔