دنیا

برطانیہ: پاکستانی نژاد صادق خان کی تاریخی کامیابی، تیسری بار میئر لندن منتخب

انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اعداد و شمار کے مطابق صادق خان نے اپنے مخالف امیدوار سوسن ہال کو شکست دے دی، برطانوی میڈیا

برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما پاکستانی نژاد صادق خان مسلسل تیسری بار میئر لندن منتخب ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’انڈیپنڈنٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سامنے آنے والے ابتدائی اشارے بطور میئر لندن پاکستانی نژاد صادق خان کی کامیابی ظاہر کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متعدد مقامات سے سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق صادق خان نے اپنے مخالف امیدوار سوسن ہال کو شکست دے دی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ کاؤنسلز میں ہونے والے انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے پہلے روز وزیر اعظم رشی سوناک کو خوفناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اب وہ دارالحکومت اور ویسٹ مڈلینڈز کے میئر الیکشن کے نتائج کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے 107 کونسلوں میں سے 102 کے مکمل نتائج کا اعلان جمعہ کی رات تک کر دیا تھا جن کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کے 400 سے زیادہ کونسلرز ہار گئے جب کہ 10 کونسلز میں اس کی پوزیشن بہت زیادہ کمزور ہوگئی۔

ساؤتھ یارکشائر اور لیورپول نے لیبر پارٹی کے میئرز کے امیدوار کو ووٹ دیا جب کہ ویسٹ مڈلینڈز میں رشی سوناک کی ٹوری پارٹی کے امیدوار اینڈی اسٹریٹ کی جیت وزیر اعظم کی مخالف قیادت کی اہم عہدے پر پیش قدمی روکنے میں مدد دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ صادق خان 2021 میں سخت مقابلے کے بعد دوسری مدت کے لیے لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے، وہ 2016 میں فتح کے بعد لندن کے پہلے مسلمان میئر بنے تھے۔

2016 میں پاکستاتی بس ڈرائیور کے 45 سالہ بیٹے صادق خان نے اس وقت کے وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کی کنزرویٹو پارٹی کے نامزد امیدوار، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی کروڑپتی زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دی تھی۔

صادق خان نے حکومت کی جانب سے بنائے گئے سرکاری گھر میں پرورش پائی تھی۔

آڈیشن دینے گیا تو فرش پر بیٹھنے کا کہا گیا، پینے کا پانی تک نہ دیا گیا، منیب بٹ

سندھ حکومت کا مینڈیٹ ہے صوبے کے لوگوں کی خدمت کرنا، مراد علی شاہ

چوری شدہ مینڈیٹ واپس کرنے پر ہی مذاکرات ہوں گے، عمران خان