پاکستان

زاہد خان کا عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

کل ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے میں نے کسی عہدے کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی، زاہد خان

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سینیٹر زاہد خان نے پارٹی قیادت سے مبینہ اختلافات کے سبب ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق زاہد خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کے ساتھ ساتھ انٹرا پارٹی الیکشن میں بھی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کردیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کل ہوں گے۔

زاہد خان نے تصدیق کی کہ کل ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے میں نے کسی عہدے کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ زاہد خان کے کچھ عرصے سے پارٹی قیادت کے ساتھ سیاسی اختلافات تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے ترجمان کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔