پاکستان

لاہور: نجی بینک میں 5 کروڑ روپے سے زائد جعلی کرنسی جمع کروانے والے 3 ملازمین گرفتار

گرفتار ہونے والوں میں برانچ منیجر شیر قدوس، آپریشن منیجر محمد عاطف اور سی ایس او عبدالرحمٰن شامل ہیں، ترجمان ایف آئی اے

لاہور میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے نجی بینک میں 5 کروڑ روپے سے زائد جعلی کرنسی جمع کروانے والے تین بینک ملازمین کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں برانچ منیجر شیر قدوس، آپریشن منیجر محمد عاطف اور سی ایس او عبدالرحمٰن شامل ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں ملزمان جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے ہیں جو نوٹ بنانے میں استعمال ہونے والی سیاہی کا کاروبار بھی کرتے ہیں۔

دوران تفتیش بینک میں تعینات کیشئر کے قوت سماعت سے محروم ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جو پاکستان کی ڈیف کرکٹ ٹیم کا کھلاڑی بھی رہا ہے۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے کیشئر کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے۔

ایف آئی اے نے دو روز قبل ملزم ہاروں کو بھی لاہور سے گرفتار کیا تھا جس پر پشاور بینک میں مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے سے زائد جعلی کرنسی جمع کروانے کا الزام ہے۔