خضدار میں دھماکا، پریس کلب کے صدر سمیت 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی
صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں چمروک چوک پر ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق خضدار میں قومی شاہراہ پر سلطان ابراہیم خان روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے خضدار پریس کلب کے صدر کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے میں صدر پریس کلب و سیاسی جماعت کے کارکن محمد صدیق سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
واضح رہے کہ خضدار پریس کلب کے صدر کو گزشتہ ماہ مراسلہ موصول ہوا تھا جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ 7 اپریل کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں عمرفاروق چوک قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خضدار میں دھماکے کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ نے پریس کلب خضدار کے صدر محمد صدیق مینگل کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، محسن نقوی نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقع میں زخمی ہوانے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل کی شہادت پر دلی صدمہ ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔