پاکستان

اپریل میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 181 فیصد کا بڑا اضافہ

اپریل میں تجارتی خسارہ 2 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، رواں مالی سال 10 ماہ میں تجارتی خسارے میں 17.09 فیصد کی کمی ہوئی، ادارہ شماریات

ملک میں اپریل میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 180.58 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 2 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا۔

ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری جاری کر دیے جن کے مطابق اپریل میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 180.58 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا جبکہ اپریل میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 3.16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں تجارتی خسارہ 2 ارب 37 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، رواں مالی سال 10 ماہ میں تجارتی خسارے میں 17.09 فیصد کی کمی ہوئی اور جولائی تا اپریل تجارتی خسارہ 19 ارب 51 کروڑ ڈالرز رہا۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ اپریل میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 10.02 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 8.67 فیصد کی کمی ہوئی اور یہ 2 ارب 34 کروڑ ڈالرز رہیں۔

جولائی 2023 تا اپریل 2024 ملکی برآمدات میں 9.10 فیصد اضافہ ہوا اور 10 ماہ میں برآمدات کا حجم 25 ارب 28 کروڑ ڈالرز رہا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپریل میں درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ ڈالرز رہا، رواں مالی سال کے 10 ماہ میں درآمدات میں 4.09 فیصد کی کمی رکارڈ کی گئی اور اس مدت میں درآمدات 44 ارب 79 کروڑ ڈالرز رہیں۔