پاکستان

انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف قومی اسکواڈ کا اعلان، محمد عامر، حسن علی، حارث رؤف شامل

اسامہ میر اور زمان خان ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے، ہم سب ایک پیج پر ہیں، 21 مئی کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کردیں گے، وہاب ریاض

قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ اور دورہ آئرلینڈ کے لیے 18 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی ٹیم نے بتایا کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے ساتھ آل راؤنڈر حسن علی اور سلمان علی آغا کو 18 رکنی اسکواڈ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ہوم سیریز کے 17 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں شامل اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ باؤلر زمان خان قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

سلیکشن کمیٹی نے بتایا کہ ٹیم میں بابر اعظم، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان شامل ہیں، اس کے علاوہ حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، عرفان خان نیازی، نسیم شاہ، صائم ایوب بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

قومی اسکواڈ میں سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان بھی شامل ہیں۔

اسامہ میر کی جگہ حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں ہمارا اسکواڈ 17 کا تھا، اس میں ہم نے ایک کا اضافہ کیا ہے، ہم سب اکٹھے ہیں اور اپنا بیسٹ دے رہے ہیں۔

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کرنے کے لیے ٹائم ہے۔

رکن سلیکشن کمیٹی وہاب ریاض نے بتایا کہ حارث رؤف، اعظم خان، عرفان نیازی اور محمد رضوان کی فٹنس میں بہتری آئی ہے، امید ہے کہ تینوں کھلاڑی آئرلینڈ کی سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

وہاب ریاض نے بتایا کہ ہم سب ایک پیج پر ہیں، ہمیں امید ہے کہ حارث انگلینڈ سیریز تک فٹ ہوجائے گا، 21 تاریخ کے انگلینڈ میچ کے بعد ہم ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کردیں گے۔

عثماں خان کی سلیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ عثمان خان نے پی ایس ایل میں بہترین پرفارمنس دکھائی، وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اس طرح سے کامیاب نہیں ہوسکے مگراسے وقت دینا پڑے گا۔

عبدالرزاق نے بتایا کہ صائم ایوب نیوزی لیند میں کارکردگی نا دکھا سکے لیکن وہ باصلاحیت ہیں، ہمیں پھر بھی امید ہے کہ وہ اچھا پرفارم کریں گے۔

پاکستانی ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک 3 روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کے لیے روانہ ہوگی۔

آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم

بابر اعظم (کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔

میچوں کا شیڈول:

10 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔

12 مئی کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ جبکہ 14 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف تیسرا ٹوئنٹی میچ بھی ڈبلن میں ہی کھیلا جائے گا۔

22 مئی کو انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی لیڈز میں کھیلا جائے گا ، 25 مئی کو برمنگھم میں انگلینڈ کے ساتھ دوسرا ٹی ٹوئنٹی جبکہ 28 مئی کو پاکستان اور انگلیند تیسرا ٹی ٹوئنٹی کارڈف میں کھیلیں گے۔

30 مئی کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔

ایف بی آر کی نان رجسٹرڈ ریٹیلرز پر 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز

بائیکاٹ مہم کا اثر، امریکی فاسٹ فوڈ کمپنی نے ملائیشیا میں اپنے آؤٹ لیٹس بند کردیے

9 مئی: فواد چوہدری کی 36 مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی درخواست پر سماعت ملتوی