پاکستان

ایم کیو ایم کی کراچی میں بحالی امن کیلئے صدر سے اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد نے صدر آصف زرداری سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے وفد نے صدر مملکت سے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کردی۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد نے صدر آصف زرداری سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔

وفد نے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر صدر مملکت سے تشویش کا اظہار کیا۔

ایم کیو ایم وفد کی جانب سے اسٹریٹ کرائم میں لوگوں کی قیمتی جان و مال کے ضیاع پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان خصوصا سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت سے ایم کیو ایم کے وفد نے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، بیان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور دیگر شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

اس میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم وفد نے آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی، آصف علی زرداری نے مبارک باد دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔

بیان کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت سے کراچی میں امن امان سے متعلق بات چیت کی، آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ میں امن امان سے متعلق آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس کرنے آئے ہیں، امن امان کی بحالی میں ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

بیان کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم کی ایک درجہ ترقی

’ہیرامنڈی‘ میں ماہرہ، فواد خان اور عمران عباس کو کاسٹ کرنے کا سوچا تھا، سنجے لیلا بھنسالی کا انکشاف

پاک برطانیہ علاقائی استحکام کانفرنس، دو طرفہ دفاعی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال