توشہ خانہ: بشریٰ بی بی کی نیب طلبی نوٹس چیلنج کرنے کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری درخواست پر سماعت کریں گے
سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی نئی انکوائری میں طلبی نوٹس کے خلاف دائر درخواست کل سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کل درخواست پر سماعت کریں گے، اپیل میں چیئرمین نیب ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل درخواست کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج ہی سابق خاتون اول نے توشہ خانہ سے متعلق قومی احتساب بیورو کی نئی انکوائری میں طلبی کا نوٹس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، بشریٰ بی بی نے نیب طلبی کا نوٹس بیرسٹر سلمان صفدر ، عثمان ریاض گل اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے چیلنج کیا۔
انہوں نے درخواست میں پٹیشن کے فیصلے تک نیب کال اپ نوٹس معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔