پاکستان

مسلم لیگ (ن) میں واپسی اب ناممکن ہے، شاہد خاقان عباسی

میرے خلاف نیب میں مقدمہ عمران خان نے بنوایا، اگر مجھے نواز شریف کی کل ٹیلی فون کال آجائے تو ان سے ملنے چلا جاؤں گا، سابق وزیر اعظم

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں واپسی اب ناممکن ہے البتہ اگر مجھے نواز شریف کی کل ٹیلی فون کال آجائے تو ان سے ملنے چلا جاؤں گا۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’لائیو ود عادل شاہ زیب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے خلاف نیب میں مقدمہ عمران خان نے بنوایا اور یہ مقدمہ مجھ پر دباؤ ڈالنے اور گرفتار کرنے کے لیے بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے گرفتار کرنے کے لیے متعدد لوگوں کی زندگیاں برباد کیں لیکن نیب کے ریفرنس کیخلاف آج تک اپیل نہیں کی کیونکہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ مجھے بری نہ کرو بلکہ کیس چلایا جائے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جاوید اقبال آج بھی لاپتا افراد کمیشن کا سربراہ بنا ہوا ہے اور صدر، وزیراعظم، ڈپٹی وزیراعظم سمیت کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ جاوید اقبال کو ہٹائیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں واپسی اب ناممکن ہے لیکن اگر مجھے نواز شریف کی کل ٹیلی فون کال آجائے تو ان سے ملنے چلا جاؤں گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ آئین میں نہیں ہے اور تینوں بڑی جماعتیں گزشتہ 3 سال میں ناکام ہوچکی ہیں۔