لائف اسٹائل

دبئی کنسرٹ میں ارجیت سنگھ ماہرہ خان کو پہچاننے سے قاصر، معافی مانگ لی

لوگوں کو حیرانی ہوگی کہ آج ہمارے درمیان کون موجود ہے، میں ان کو پہچاننے کی کوشش کر رہا تھا،گلوکار

دبئی میوزیکل کنسرٹ میں دو پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کے درمیان دلچسپ لمحہ کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا جس میں نامور گلوکار ارجیت سنگھ ماہرہ خان کو پہلے پہچاننے سے قاصر رہے لیکن جیسی ہی انہیں اندازہ ہوا تو سیکڑوں شرکا کے درمیان ان کا تعارف کروایا۔

ماہرہ خان ایمی گالہ ایوارڈز کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں، اسی دوران انہوں نے دبئی میں منعقد ہونے والے میوزیکل کنسرٹ میں بھی شرکت کی جہاں بولی وڈ گلوکار ارجیت سنگھ بھی موجود تھے۔

میوزیکل کنسرٹ میں ارجیت سنگھ نے ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کا گانا ’ظالمہ‘ بھی گنگنایا لیکن اس دوران شرکا میں موجود ماہرہ خان بھی بیٹھیں تھی لیکن گلوکار انہیں پہچان نہ سکے۔

تاہم جیسی ہی انہیں اندازہ ہوا کہ شائقین کے درمیان پاکستانی سُپر اسٹار موجود ہیں تو انہوں نے کنسرٹ کے دیگر شرکاء کو بھی ان سے متعارف کروایا اور ساتھ ہی شناخت میں تاخیر پر معافی بھی مانگ لی۔

سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی گلوکار اپنا کنسرٹ روکتے ہوئے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ لوگوں کو حیرانی ہوگی کہ آج ہمارے درمیان کون موجود ہے، کیا ہم ان کی جانب کیمرا کرسکتے ہیں۔’

انہوں نے کہا کہ ’میں ان کو پہچاننے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پھر یاد آیا کہ میں اِن کے لیے گانا گنگنا چکا ہوں، خواتین و حضرات ہمارے درمیان ماہرہ خان موجود ہیں، جو میرے سامنے بیٹھی ہیں۔‘

اس دوران کنسرٹ میں موجود شرکا نے بھی تالیاں بجائیں جس پر سیاہ لباس میں ملبوس ماہرہ خان پہلے مسکرائی اور پھر ہاتھ اٹھا کر شرکا کی محبت کا جواب دیا۔

گلوکار ارجیت سنگھ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں یاد آیا کہ جب وہ ’ظالمہ‘ گنگنا رہے تھے تو ماہرہ خان بھی ساتھ ہی گنگنا رہی تھیں لیکن وہ ان کی نہیں پہنچان سکے، جس پر ارجیت سنگھ سے ماہرہ خان سے معافی مانگی۔

بعدازاں ماہرہ خان نے اس کنسرٹ کی مختصر ویڈیو اور تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی شیئر کی اور ساتھ ہی ارجیت سنگھ کی عاجزی کی بھی خوب تعریف کی۔

اداکارہ نے لکھا کہ ایک فنکار کو پرفارم کرتا دیکھ کر نہات خوشی محسوس ہوتی ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر خوشی اس وقت ہوتی ہے جب آپ اس فنکار میں عاجزی دیکھیں، کیونکہ ایک بہترین فنکار یہ جانتا ہے کہ وہ جو کچھ ہے، اس میں اس کا کمال نہیں ہے بلکہ خدا نے اسے اس صلاحیت سے نوازا ہے، خوش رہیں ارجیت سنگھ۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان نے شاہ رخ خان کے ساتھ 2017 میں ریلیز ہونے والی مشہور بالی وڈ فلم ’رئیس‘ میں بطور ہیروئن کام کیا تھا۔

اس فلم میں ارجیت سنگھ اور ہرشدیپ کور کی آواز میں گانا ’ظالما‘ شامل تھا جو کے بلاک بسٹر گانا رہا۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان کو آخری مرتبہ بڑے پردے پر 2022 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں سپرسٹار فواد خان کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔