پاکستان

منفی پروپیگنڈا، ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنے سے نہیں روک سکتا، آرمی چیف

معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں، ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے، توجہ ہٹانے کی کوششیں ناکام ہوں گی، جنرل عاصم منیر

آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں ہے، منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔

اسلام آباد میں منعقدہ گرین پاکستان اینیشیٹیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان کے سپہ سالار نے کہا کہ ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ پاکستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے، پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سپہ سالار نے کہا کہ آئیے، ہم سب ملکر منفی قوتوں کو رد کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں، عوام کے تعاون، سپورٹ سے پاکستان میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آج معاشی استحکام کے بغیر مکمل خود مختاری کا تصور ممکن نہیں، ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق گرین پاکستان انیشیٹو میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی جناب احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر کانفرنس میں سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

فورم کو گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت کیے گئے اقدامات اور مختصر وقت میں حاصل کیے گئے معیارات کے بارے میں آگاہ کیا گیا، فورم کے سامنے غذائی تحفظ یقینی بنانے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے ماڈل فارمز کے قیام، واٹر مینجمنٹ اسکیموں، ٹیکنالوجی میں جدت، اور سرمایہ کاری کی شراکت داریوں سمیت متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔

وفاقی وزرا نے اجلاس کے اختتام پر اس تبدیلی کے اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ زراعت پاکستان کی لائف لائن ہے اور امید ظاہر کی کہ گرین پاکستان انیشیو پاکستان کے زرعی شعبے میں دور حاضر کے بہترین طریقوں کو متعارف کرائے گا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ایک مبارک سرزمین ہے جس میں ایک محنتی رہتی ہے جسے قومی ترقی کے لیے اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔

جنرل عاصم منیر نے یقین دلایا کہ پاک فوج پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی اور فوج کی کوششیں جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی کے لیے کردار ادا کریں گی۔

پاکستان کو چوتھے ٹی20 میں شکست، نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے میں 4 رنز سے کامیاب

کترینہ کیف کیساتھ فلم کی آفر ہوئی تھی، ابرار الحق کا انکشاف

الیکشن کمیشن نے آزاد اراکین قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم کرلی