پاکستان

بشریٰ بی بی مکمل فٹ قرار، طبی رپورٹ اعلٰی حکام کو ارسال

پمز ڈاکٹرز کی ٹیم نے رات کے وقت بنی گالہ میں بشریٰ بی بی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے سابق وزایر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مکمل فٹ قرار دے کر ان کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ اعلی حکام کو بھجوا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے کل دوپہر سینے میں جلن کی شکایت کی تھی، دن کے وقت اڈیالہ جیل کے ڈاکٹرز نے معائنہ کر کے سابق خاتون اول کو صحت مند قرار دے دیا تھا۔

ذرائع نے کہا کہ بعد ازاں پمز ڈاکٹرز کی ٹیم نے رات کے وقت بنی گالہ میں بشریٰ بی بی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

پمز ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے سابق خاتون اول کو پمز ہسپتال کے ماہرین اور ماہر امراض دل سے معائنہ کروانے کی تجویز دی، اس کے علاوہ پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے بشری بی بی کا طبی معائنہ کر کے انہیں صرف کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ 2 اپریل کو بانی تحریک انصاف عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بنی گالا میں زہر دیا گیا ہے جس کے نشانات ان کی جلد اور زبان پر موجود ہیں لہٰذا ان کے میڈیکل چیک اپ کا حکم دیا جائے۔

4 اپریل کو سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے معالج ڈاکٹر عاصم نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر دینے کے کوئی اثرات نہیں ملے ہیں۔

یاد رہے کہ 19 اپریل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نجی ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کرانے کا حکم دیا تھا۔

مریم نواز نے پنجاب میں پروینشل انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی

بٹگرام: کس پل چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، پولیس اہلکار شہید

ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا، چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو، متعلقہ افسران کو معطل کر کے انکوائری کا حکم