پاکستان

ایرانی وفد کی آمد: کراچی میں 23 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان

کمشنر کراچی کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی 23 اپریل کو کراچی آمد پر عام تعطیل ہوگی۔

کراچی میں ایرانی وفد کی آمد کے موقع پر 23 اپریل بروز منگل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی 23 اپریل کو کراچی آمد پر عام تعطیل ہوگی۔

اس دن تمام نجی اور سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

قبل ازیں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 22 اپریل (پیر) سے 24 اپریل (بدھ) تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کسی بھی سربراہ مملکت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’ایرانی صدر کے ساتھ ان کی شریک حیات اور وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ایک بڑا تجارتی وفد بھی ہمراہ ہوگا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ابراہیم رئیسی، وزیر اعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری، سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ لاہور اور کراچی بھی جائیں گے اور صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔