پاکستان

فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی انجری کا جائزہ لینے کیلئے پی سی بی کا آزاد میڈیکل بورڈ تشکیل

3 رکنی میڈیکل بورڈ احسان اللہ کے علاج میں معاونت فراہم کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر احسان اللہ کی انجری کا جائزہ لینے کے لیے آزاد میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق میڈیکل بورڈ ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر رانا دل آویز اور ڈاکٹر ممریز نقشبند پر مشتمل ہے، میڈیکل بورڈ احسان اللہ کی انجری کا جائزہ لے گا۔

اس کے علاوہ 3 رکنی بورڈ احسان اللہ کے علاج میں معاونت بھی فراہم کرے گا۔

واضح رہے کہ 4 اپریل کو قومی فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی انجری کی غلط تشخیص پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

پی سی بی کے ڈاکٹرز کی جانب سے احسان اللہ کی انجری کی غلط تشخیص کی گئی تھی جس کے نتیجے میں پی ایس ایل کی تاریخ میں تیز ترین گیند کرنے والے باؤلر کافی عرصہ سے کرکٹ سے باہر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے احسان اللہ نے لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی سے شہرت حاصل کی تھی اور اسی وجہ سے انہیں گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

تاہم اسی سیریز میں وہ کہنی کی انجری کا شکار ہوئے اور ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلوں سے باہر ہو گئے اور اس سال پاکستان سپر لیگ میں بھی اپنی فرنچائز کی نمائندگی نہ کر سکے۔

پاکستان ویمنز کو دوسرے میچ میں بھی شکست، سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

بھارتی حریف پر پے در پے وار کرنے والے شاہزیب رند کو سلمان خان نے کیا کہا؟

داڑھی نہ ہونے کی وجہ سے 4 ڈراموں کی پیشکش ٹھکرا دی تھی، زوہاب خان