دنیا

کینیا میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، آرمی چیف سمیت 10 افسران ہلاک

حکومت نے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے کی وجہ کیا تھی۔

کینیا میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل فرانسس اوگولا سمیت 10 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے، حکومت نے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 18 اپریل کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 20 منٹ پر یہ حادثہ پیش آیا، ہیلی کاپٹر دارالحکومت نیروبی سے 400 کلو میٹر کی دوری پر ایجلیو مراکویٹ کے مقام پر گر کر تباہ ہوا۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے کی وجہ کیا تھی۔

حادثے میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل فرانسس اوگولا اور دیگر 9 فوجی افسران بھی ہلاک ہوگئے جبکہ تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد صدر ولیم روٹو نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامہ اجلاس طلب کر لیا، حکام نے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جون 2021 میں نیروبی کے قریب ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے دوران حادثہ ہوا تھا جس میں 10 فوجی اہکار ہلاک ہوگئے تھے۔