دنیا

ایران پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیر کی اپنی فوج پر ’مبہم الفاظ‘ میں تنقید

اسرائیلی وزیر نے ایران پر حالیہ حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج نے بہت کمزور ردعمل دیا ہے۔

آج صبح اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے اصفہان پر ’میزائل حملے‘ داغے جانے کے بعد اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر نے سماجی پلیٹ فارم پر یک لفظی پوسٹ کی۔

امریکی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتامار بین گویر نے ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد سماجی پلیٹ فارم ایکس پر صرف ایک لفظ لکھا۔

اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں صرف انگریزی لفظ ’feeble‘ لکھا، جس کے معنی ’انتہائی کمزور‘ ہیں۔

اس ٹوئٹ کے بعد کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اسرائیلی وزیر نے اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج نے بہت کمزور ردعمل دیا ہے۔

اتامار بین گویر 2019 سے انتہائی دائیں بازو کی جماعت جیوش پاور کی قیادت کررہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ سال اسرائیلی کابینہ میں حلف اٹھایا تھا۔

بعدازاں انہیں قومی سلامتی کا وزیر مقرر کیا گیا اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی بارڈر پولیس ڈویژن کا کنٹرول سونپا گیا۔

اس سے پہلے وہ کہہ چکے ہیں کہ ایران کے حملے پر اسرائیل کا ردعمل ’غیرمؤثر یا کمزور‘ نہیں ہونا چاہیے اور بھرپور طاقت کے ساتھ ردعمل دینا چاہیے۔

پسِ منظر: ایران کا اسرائیل پر حملہ

واضح رہے کہ 13 اپریل کی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، جسے آپریشن ٹرو پرامس کا نام دیا گیا ہے۔

حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔

شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرنے کے چند دن بعد آج (19 اپریل کو) صیہونی فوج نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل داغ دیے تھے۔

جس پر ایران نے میزائل حملوں سے متعلق امریکی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اصفہان کے فضائی حدود سے تین ڈرونز مار گرائے ہیں۔

ایرانی فوج کے ایک سینئر کمانڈر سیووش میہندوست نے کہا کہ رات بھر ہونے والے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ اصفہان میں جو زوردار آواز سنی گئی وہ مشکوک اشیا پر فضائی دفاعی فائرنگ کی وجہ سے تھی۔’

اسرائیل کا ایران پر ’میزائل حملہ‘، ایران کا 3 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

ایران پر حملے سے متعلق اسرائیل نے واشنگٹن کو پیشگی وارننگ دی تھی، امریکی میڈیا کا دعویٰ

اسرائیل کا ’میزائل حملہ‘، متعدد ایئرلائنز نے ایرانی فضائی حدود سے اپنا رخ موڑ لیا