عمر ایوب نے صدر آصف زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو غیر آئینی قرار دے دیا
آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ نہیں دیا، وہ صدر کے عہدے پر غیر آئینی طور پر تعینات ہیں، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے صدر آصف زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو غیر آئینی قرار دے دیا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ نہیں دیا، وہ صدر کے عہدے پر غیر آئینی طور پر تعینات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کے نتیجے میں عمل میں آئی اس لیے حکومت بھی غیر آئینی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ انہوں نے بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے ایوان میں بات کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسا ایوان ہے جس میں اپوزیشن لیڈر کو ہی فلور نہیں دیا گیا، ایوان میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں۔