لائف اسٹائل

بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنے دوسرے شوہر کے ہمراہ ویڈیو جاری کردی

ہمارے معاشرے میں تھوڑی سی بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنا جرم سمجھا جاتا ہے، اداکارہ

سینیئر اداکارہ، میزبان و لکھاری بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنے دوسرے شوہر ڈراما نگار اقبال حسین کے ہمراہ ویڈیو جاری کردی۔

بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر دوسرے شوہر اقبال حسین کے ہمراہ ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب مجھ سے مختلف سوالات پوچھتے رہتے ہیں کہ آپ کے شوہر کہاں ہیں؟ اور کیا آپ اکیلی رہتی ہیں؟ تو آج آپ کے تمام سوالات کا جواب حاضر ہیں۔

طویل دورانیے کی اس ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں تھوڑی سی بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنا جرم سمجھا جاتا ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ پہلی شادی کی طلاق کے بعد جب وہ ڈراما سیریل ’سیتا باگڑی‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے تو اقبال حسین نے یہ کہتے ہوئے انہیں پروپوز کیا کہ دونوں اکیلے رہتے ہیں کیوں نا زندگی ایک ساتھ گزاری جائے’۔

اداکارہ نے کہا کہ پہلے وہ شادی کے لیے راضی نہیں تھیں کیونکہ 2 دہائیوں تک ایک شادی میں رہ کر پھر علیحدہ ہوجانا اور پھر کئی عرصے تک اکیلے زندگی گزارنے کے بعد وہ دوسری شادی کا بالکل نہیں سوچ رہی تھیں، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اقبال حسین کی طلاق کے بعد ان کی طلاق ہوئی ہوئی تھی۔

اداکارہ نے بتایا کہ کافی عرصے تک اکیلئے زندگی گزارنے کے بعد دوست اور عزیز و اقارب بالخصوص بدر خلیل ،روبینہ اشرف، بہروز سبزواری، سلطانہ صدیقی کے سمجھانے پر انہوں نے اقبال حسین سے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ دونوں اپنی شادی کو مثال بنانا چاہتے ہیں کہ 30 یا 35 سال کی عمر میں طلاق کے بعد بھی آپ دوبارہ شادی کرسکتے ہیں اگر آپ کے پاس کوئی آپشن موجود ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ خاص طور پر ایسی خواتین جو کسی وجہ سے اکیلی رہ جاتی ہیں اور ان کے پاس دوسری شادی کا کوئی آپشن موجود ہے تو وہ دوسری شادی کے فیصلے کا سوچ سکتی ہیں، کئی بچے اپنے والد کی خود دوسری شادیاں کرواتے ہیں لیکن اپنی والدہ کی دوسری شادی قبول نہیں کرپاتے۔

گفتگو کے دوران اداکارہ نے کہا کہ اقبال حسین ان سے چھوٹے ہیں تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ دونوں کے عمر میں کتنا فرق ہے، بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ اقبال حسین کی سوچ اور انداز سے متاثر ہوئی تھیں، وہ اپنی عمر سے زیادہ میچور ہیں۔

اس دوران اقبال حسین نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بوڑھی عورت سے شادی کرنے پر تنقید کی جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، جو لوگ ایسا سوچتے ہیں کہ بڑی عمر کی خواتین سے شادی کرنا بُرا ہے وہ اصل میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے سے بڑی عمر کے لوگوں میں بیٹھنا اور گفتگو کرنا اور دوستی کرنا پسند کرتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کا اعتراف کب کیا تھا؟

یاد رہے کہ پہلی بار مئی 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی دوسری شادی کب ہوئی۔

بشریٰ انصاری کی ڈراما ساز اقبال حسین سے دوسری شادی کی خبریں پہلی بار نومبر 2019 میں آئی تھیں اور اس وقت اقبال حسین نے اداکارہ سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کی تھی۔

اس کے بعد اگرچہ بشریٰ انصاری نے پہلے شوہر سے طلاق لینے کا اعتراف کیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے پہلی بار جنوری 2020 میں ایک انٹرویو میں اپنی طلاق پر کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ انہیں طلاق لیے ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے۔

اس کے بعد انہوں نے دسمبر 2020 میں ایک اور انٹرویو میں بتایا تھا کہ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی وہ طلاق لینا چاہتی تھیں لیکن بچوں کی وجہ سے انہوں نے 36 سال صبر کیا اور بچوں کے ہاں بچے ہونے کے بعد طلاق لی۔

انہوں نے دونوں انٹرویوز میں طلاق لینے کا سال نہیں بتایا تھا، تاہم انہوں نے بتایا تھا کہ شوہر کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے طلاق لی۔

جانوروں کو پالنے کے بجائے یتیم بچوں کو پالیں، بشریٰ انصاری کا مشورہ

بشریٰ انصاری نے بھکاریوں سے جان چھڑانے کا طریقہ بتادیا

مجھے طلاق دے دو اور میری طلاق ہوگئی، جیسے ناموں پر ڈرامے بن رہے ہیں، بشریٰ انصاری