پاکستان

خیبرپختونخوا میں بارش سے متعلق حادثات میں 12 افراد جاں بحق، 12 زخمی

چھتیں اور دیواریں گرنے سے 15 گھر مکمل تباہ، 70 کو جزوی نقصان ہوا ہے، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی

خیبرپختونخوا کے شمال میں مسلسل 5 ویں روز شدید بارش اور اسکے نتیجے میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے اب تک 12 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے 15گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 70 کو جزوی نقصان پہنچا۔

لوئر دیئر کے علاقےلقمان بانا میں چھت گرنے سے جاں بحق افراد میں ایک ہی خاندان کے 2 بچوں سمیت 4 افراد شامل ہیں۔

یہ بھی بتایا گیا کہ سوات میں گھر منہدم ہونے سے 40 جانور ہلاک ہوگئے، البتہ واقعے میں کسی انسانی جانب کا ضیاع رپورٹ نہیں ہوا۔

بارش سے متعلقہ حادثات اپر اور لوئر دیر، چترال لوئر، ملاکنڈ، سوات، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، شانگلہ اور مالاکنڈ میں ہوئے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا اور لوئر چترال کے متاثرین کے لئے اتھارٹی کے ویئر ہاوس سے 200 خیمے روانہ کیے گئے ہیں۔

سوات، کالام اور کمراٹ کی طرف گامزن سیاح لینڈسلائڈنگ کے بعد کالام روڈ بند ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھنس چکے ہیں۔

علاقے میں پھنسے ایک سیاح نے حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس پینے کا پانی تک نہیں، اور راستہ بند ہونے کی وجہ سے خاندان بھی پھنسے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ چترال میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اور دیگر بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ْ

اتھارٹی کے مطابق وہ ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے.

پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں.

دریاؤں کی بہاؤ کی صورتحال

دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 98،600 کیوسک ہے، جسے درمیانے درجے کا سیلاب قرار دیا گیا، اسی طرح ورسک کے مقام پر پانی کا بہاؤ 41،832 کیوسک جبکہ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

دریائے سندھ، اٹک اور خیر آباد میں پانی کا بہاؤ 1،32500 کیوسک، خوازہ خیلہ پر دریائے سوات کے مقام پر 30،184 کیوسک، نچلی سطح کا سیلاب، چکدرہ میں دریائے سوات کے مقام پر 27،721کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

منڈا پر دریائے سوات 80،000 کیوسک، اونچی سطح کا سیلاب کاریکارڈ اور دریائے پنجکورہ، زلم پل لوئر دیر پر42،247 کیوسک، درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

بلوچستان میں آج اور کل اسکول بند رکھنے کا اعلان، متاثرہ علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ

بلوچستان میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد جاں بحق

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ناظم آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے مکان میں دراڑیں